ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / بھٹکل: ریاست میں جے ڈی ایس اقتدار سنبھالنے کے 24گھنٹوں کے اندر کسانوں کے قرضے معاف

بھٹکل: ریاست میں جے ڈی ایس اقتدار سنبھالنے کے 24گھنٹوں کے اندر کسانوں کے قرضے معاف

Sun, 09 Oct 2016 20:02:50    S.O. News Service

بھٹکل:9/اکتوبر(ایس او نیوز)ریاست کرناٹکا میں ودھان سبھا کے لئے 2018میں انتخابات ہونے والے ہیں ، جس میں جے ڈی ایس کی جیت یقینی ہے ، ان خیالات کا اظہار جے ڈی ایس اُترکنڑا ضلع نگراں کار چنیا ہیرے مٹھ نے کیا ۔ یہاں بھٹکل میں اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ایچ ڈی کمار سوامی وزیر اعلیٰ کے طورپر حلف لیں گے24گھنٹے کے اندراندر ریاست کے تمام کسانوں کا قرضہ معاف کئے جانے کا اعلان ہوگا۔

انہوں نے بتایا کہ شمالی کرناٹکا میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے مقصد کو لے کر پارٹی لیڈر کمارسوامی ہبلی کو مرکز بنا کر متحرک ہوچکے ہیں، اترکنڑا ضلع کے تمام تعلقہ جات میں بوتھ لیول پر پارٹی کو منظم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، 17اکتوبر کو یلاپور میں بسوراج ہورٹی کی قیادت میں بڑے اجلاس کا اہتمام کیا گیا ہے ، جس میں پارٹی کے تمام لیڈران شریک ہورہے ہیں۔

اترکنڑا ضلع جے ڈی ایس صدر بی آر نائک نے پریس کانفرنس میں کہاکہ قومی پارٹیاں ہائی کمان کی روایت میں ریاستی مفاد کو نظر انداز کررہے ہیں،انہوں نے بتایا کہ صرف ریاستی پارٹیوں سے ہی ریاست کا بھلاممکن ہے ۔ پارٹی کے خیرخواہوں کو ووٹر میں منتقل کرنا کارکنوں کی ذمہ داری ہے، کاویری اور مہا دائی معاملے میں ایچ ڈی دیوے گوڈا اور کمارسوامی نے جو طریقہ اپنایا اس کی ہر سطح پر ستائش کی جارہی ہے، یہ علاقائی پارٹیوں کی طرف عوام کا رجحان ہونے کے واضح اشارے ہیں۔

بھٹکل تعلقہ جے ڈی (ایس) کے صدر عنایت اللہ شاہ بندری نےاس موقع پرضلع انچارج وزیرآر وی دیشپانڈے پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ ضلع کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی لینے کے بجائے صرف شوبازی میں لگے ہوئے ہیں۔    عنایت اللہ کا کہنا ہے کہ ضلع میں کئی مسائل ہیں جن کو حل نہیں کیا جارہاہے۔ بھٹکل اور ہوناور میں عمارتوں کی تعمیر اور ترقیاتی کاموں کے لئے ریت دستیاب نہیں ہورہی ہے، جس سے عوام کو بڑی دقت پیش آرہی ہے۔جب انکولہ اور کاروار میں ریت دستیاب ہورہی ہے تو پھر بھٹکل میں وہ کیوں نہیں مل رہی ہے۔ایسے گمبھیر مسائل پر ضلع انچارج وزیر توجہ دینے کے بجائے ریاست اور غیر ملکوں کے دوروں پر جارہے ہیں۔رکن اسمبلی بھی اس ضمن میں توجہ نہیں دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انچارج وزیر اب تو کم ازکم اس طرح کی شو بازی سے باز آئیں اورضلع میں ہی زیادہ وقت گزارتے ہوئے عوامی مسائل حل کریں گے تو بہترہوگا۔

اس موقع پر شری کانت جمنال ، موہن اگرکر، ایم ڈی نائک سمیت کئی لیڈران موجود تھے۔

 


Share: